فلمی جائزے

جمائما نے وینس فلم فیسٹیول کے لیے منتخب پاکستانی فلم کا حصہ بننے کی ہامی کیوں بھری؟

Written by Omair Alavi

فائل فوٹو

کراچی — پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کو پاکستان چھوڑے ہوئے 18 برس گزر گئے ہیں لیکن پاکستان سے آج بھی ان کا تعلق کہیں نہ کہیں پہلے کی ہی طرح ہے۔

حال ہی میں جمائما خان اور پاکستانی فلم ساز مہناز دیوان کی مختصر فلم ‘ملاقات’ کو 78ویں وینس فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

جمائما خان نے اس فلم کا حصہ بننے سے متعلق وائس آف امریکہ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ان کا گہرا رشتہ ہے۔

ان کے بقول، "پاکستان میں دس برس رہنے اور دو ‘ہاف پاکستانی’ بیٹوں کی ماں ہونے کی وجہ سے میرے دل میں پاکستان کے لیے ہمیشہ جگہ رہے گی۔”

جمائما خان نے کہا کہ میری ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح نوجوان پاکستانی فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

جمائما نے بتایا کہ ان کی کمپنی ‘انسٹنکٹ پروڈکشنز’ ویسے تو مختصر فلمز کے لیے کام نہیں کرتی لیکن ‘ملاقات’ کا موضوع، عکس بندی اور جن مشکل حالات میں یہ بنی، اسے سپورٹ کیے بغیر وہ رہ نہیں سکیں۔

یاد رہے کہ عابد عزیز مرچنٹ کی جانب سے پروڈیوس کی جانے والی مختصر فلم ‘ملاقات’ کو رواں برس ستمبر میں دنیا کے معتبر وینس فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

جمائما خان کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلم ساز مہناز دیوان فلم ‘ملاقات’ کی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔

جمائما خان کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلم ساز مہناز دیوان اس فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں جب کہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض لندن میں مقیم پاکستانی نژاد سیماب گل نے دی ہیں۔

جمائما نے بتایا کہ جب فلم کی ہدایت کارہ سیماب گل نے انہیں ‘ملاقات’ بھیجی تو وہ فلم کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ملاقات’ کافی اہم موضوعات کو اجاگر کرتی ہے جس میں آن لائن ہراسانی کے ساتھ ساتھ لڑکی کے جسم کی نمائش اور اس کی وجہ سے ہونے والی مشکلات شامل ہیں۔

جمائما کے مطابق وینس فلم فیسٹیول میں ‘ملاقات’ کا منتخب ہونا ہی ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس سے سیماب گل جیسے فلم سازوں کو آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔

حال ہی میں جمائما خان اور پاکستانی فلم ساز مہناز دیوان کی مختصر فلم ’ملاقات‘ کو 78ویں وینس فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کوئی پاکستانی فلم وینس فلم فیسٹیول کے لیے منتخب ہوئی ہو۔ دو برس قبل صائم صادق کی فلم ‘ڈارلنگ’ نہ صرف وینس فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے شارٹ لسٹ ہوئی تھی بلکہ یہ ایوارڈ اپنے نام کرنے میں بھی کامیاب ہوئی تھی۔

‘فلم ملاقات کی کہانی اصل واقع سے ماخوذ ہے’

مختصر فلم ‘ملاقات’ کے پروڈیوسر عابد عزیز مرچنٹ کا کہنا ہے کہ بہت کم ہی لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ ‘ملاقات’ کی کہانی ایک ایسے واقعے کے گرد گھومتی ہے جو حقیقت میں مصر میں ایک لڑکی کے ساتھ پیش آیا تھا۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چند برس قبل مصر میں ایک ایسا ہی واقعہ رونما ہوا تھا جس میں ایک لڑکا ایک لڑکی کی ویڈیو حاصل کرکے اسے بلیک میل کرتا ہے۔ ان کے بقول، ہم نے اس فلم کو اپنے پاکستانی تناظر میں رکھ کر فلمایا ہے۔

عابد عزیز مرچنٹ​ کا کہنا تھا کہ مختصر فلم ‘ڈارلنگ’ نے جہاں پاکستانی فلم سازوں کے لیے وینس کا دروازہ کھولا وہیں ہمیں یقین ہے کہ ہماری فلم بھی یہاں کامیابی حاصل کر کے سنیما کی تاریخ کا حصہ بن جائے گی۔

ان کے بقول ‘ملاقات’ کی تمام تر شوٹنگ کراچی میں وبا کے دوران ہوئی تھی جب کہ اس میں مرکزی کردار پریزے فاطمہ اور حمزہ مشتاق نے ادا کیا ہے۔

‘ملاقات’ اور ‘سینڈ اسٹورم’، ایک فلم کے دو نام رکھنے کی ضرورت کیوں پڑی؟

مختصر فلم ‘ملاقات’ کو اٹلی کے شہر وینس میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں ‘سینڈ اسٹورم’ کے نام سے پیش کیا گیا ہے۔

فلم کی مصنفہ اور ہدایت کارہ سیماب گل کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے یہ فلم لکھی تھی تو اس وقت اس کا ٹائٹل ‘ملاقات’ تھا لیکن بعد میں اس کا متبادل ٹائٹل ‘سینڈ اسٹورم’ رکھ دیا گیا۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ملاقات’ کا انگریزی میں ٹائٹل ‘سینڈ اسٹورم’ اس لیے رکھا گیا کیوں کہ یہ ایک طرح سے ہمارے خطے کی عکاسی کرتا ہے جب کہ یہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے لیے زیادہ مناسب تھا۔

سیماب گل کا کہنا تھا کہ فلم میں سینڈ اسٹورم بھی ایک اہم کردار ادا کرتا ہے جو فلم دیکھنے کے بعد ہی لوگوں کو پتا چلے گا۔

جمائما خان کو آن بورڈ لینے کے حوالے سے سیماب گل کا کہنا تھا کہ چوں کہ وہ ایک دستاویزی فلم ساز بھی ہیں اس لیے وہ جمائما کو پہلے سے ہی جانتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ چند برس قبل انہیں ایک خیال آیا تھا جس کا ذکر انہوں نے جمائما سے کیا لیکن وہ آگے نہ بڑھ سکا۔

سیماب گل کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی انہیں معلوم ہوا کہ ‘ملاقات’ وینس فلم فیسٹیول میں شارٹ لسٹ ہوئی ہے تو انہوں نے جمائما سے رابطہ کیا اور اس فلم کو دیکھنے کے بعد انہوں نے اسے سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔