فلمیں

جب میخائل گورباچوف نے صدارت چھوڑنے کے بعد اداکاری کی

Written by Omair Alavi

کراچی — 

سابق سوویت رہنما میخائل گورباچوف ایک مقبول لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ پاپ کلچر کا حصہ بھی رہے جس میں 1980 اور 1990 کی دہائیوں کے دوران بننے والی کئی فلموں اور کتابوں میں ان کا تذکرہ نظر آتا ہے۔

یہ بات اس لیے بھی قابلِ فہم تھی کہ دنیا کی سب سے بڑی کمیونسٹ ریاست کے خاتمے کے بعد اس کے آخری حکمران کی حیثیت سے وہ اپنی زندگی ہی میں ایک کردار کی حیثیت اختیار کرگئے تھے۔ سرد جنگ کا خاتمہ ایک تاریخی واقعہ تھا اس لیے اس دور پر بننے والی فلمیں ہوں یا کتابیں ان سب ہی میں گورباچوف کا کردار شامل کیا گیاہے۔

امریکی اور روسی باکسر کے درمیان فائٹ کے گرد گھومنے والی ہالی وڈ فلم ‘روکی فور’ میں بھی میخائل گورباچوف کے کردار کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ البتہ چند فلموں میں ان کا کردار نمایاں انداز میں دکھایا گیا ہے جن میں ‘نیکڈ گن’ سرِفہرست ہے۔ اس کے علاوہ دیگر کئی فلموں میں بھی ان کی جھلک نظر آتی ہے۔

گورباچوف کے سر پر موجود نشان غائب

امریکی اداکار لیسلی نیلسن نے 1982 میں ٹی وی سیریز ‘پولیس اسکواڈ’ سے خوب مقبولیت حاصل کی تھی۔ بعدازاں فلم سازوں نے سن 1988 میں ‘دی نیکڈ گن: فروم دی فائنلز آف پولیس اسکواڈ’ نامی فلم بنائی جس کے مزید دو حصے بھی ریلیزہوئے۔

‘دی نیکڈ گن: فروم دی فائنلز آف پولیس اسکواڈ’ کے پہلے ہی سین میں اداکار لیسلی نیلسن کا کردار لیفٹننٹ فرینک ڈیبرن، ایک ایسی خفیہ میٹنگ میں پہنچ کر شرکا کو پیٹتا ہے جہاں امریکہ کے خلاف کوئی منصوبہ بنایا جارہا ہوتا ہے۔

فلم کے منظر کے مطابق اس وقت کے سوویت صدر میخائل گورباچوف بھی اس میٹنگ کا حصہ تھے جنہیں فرینک ڈیبرن نے خوب مارا پیٹا۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ فرینک ڈیبرن ایک کپڑے سے گورباچوف کے سر پر موجود نشان کو بھی صاف کردیتا ہے اور عوام کو دیکھ کر کہتا ہے کہ اسے پہلے ہی پتہ تھا کہ یہ نشان جعلی ہے۔

اس منظر میں دکھائی گئی خفیہ کانفرنس میں گورباچوف کے ساتھ ساتھ لیبیا کے معمر قذافی، ایران کے آیت اللہ خمینی، یوگینڈا کے ایدی امین ، کیوبا کے فیڈل کاسٹرو اور فلسطین کے یاسر عرفات بھی شامل تھے۔

گوربا چوف چرنوبل حادثے پر مبنی منی سیریز کا حصہ

میخائل گورباچوف کے دورِ حکومت میں سوویت یونین کی تاریخ کاسب سے بڑا نیوکلئیر حادثہ پیش آیا تھا۔ البتہ انہیں حادثے کے لیے ذمے دار قرار نہیں دیا جاتا ہے۔ اس ہولناک حادثے پر ایچ بی او نے ایک منی سیریز ‘چرنوبل’ ہی کے نام سے بنائی تھی جس میں گورباچوف کا کردار بھی دکھایا گیا ہے۔

پانچ اقساط پر مشتمل اس سیریز کا دارومدار ر چرنوبل کے مقام پر نیوکلیئر فیکٹری میں دھماکے سے پیش آنے والے نقصانات پر تھا، جس میں اداکار ڈیوڈ ڈینسیک نے میخائل گورباچوف کا کردار ادا کیا تھا۔یہ سیریز نہ صرف دنیا بھر میں دیکھی اور پسند کی گئی بلکہ اسے متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

یاد رہے کہ یہ سانحہ میخائل گورباچوف کے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری بننے کے پہلے ہی سال پیش آیا تھا۔

صدارت چھوڑنے کے بعد اداکاری

سن 1993 میں جب فلم ‘ونگز آف ڈیزائر’ کا سیکوئل ‘فاراوے: سو کلوز’ بنا تو اس میں ہالی وڈ اداکار ولیم ڈیفو اور نستاسجا کنسکی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ تاہم اس فلم کو آج بھی مشہور شخصیات کے کیمیو (مختصر کردار) کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔

اس فلم میں جن شخصیات نے مختصر رول ادا کیا ان میں امریکی گلوکار لیو ریڈ اور اداکار پیٹر فاک کے ساتھ ساتھ سابق سوویت صدر میخائل گورباچوف بھی شامل تھے۔

میخائل گوربا چوف نے امریکی فوڈ چین پیزا ہٹ اور فیشن برانڈ ’لوئی وٹون‘ کے اشتہارات میؓں بھی کام کیا۔

فلم میں میخائل گورباچوف نے اپنا ہی کردار ادا کیا تھا ۔ فلم میں وہ ایک فرشتے کی بات سن کر امن کے ایک معاہدے پر دستخط کردیتے ہیں۔

اس فلم میں ڈیبیو کے بعد گوربا چوف آسٹریلوی وزیر اعظم گف ویٹلم اور نیو یارک کے میئر جان لنڈسے کے بعد تیسرے بڑے سیاست دان بن گئے جنہوں نے فلم میں کام کیا۔

اسکاٹش بینڈ کا حصے بننے والے گورباچوف

میخائل گورباچوف نہ صرف روس میں مقبول لیڈر تھے بلکہ انہیں ان کی پالیسیوں کی وجہ سے دیگر ممالک میں بھی بہت پسند کیا جاتا تھا۔

سن 1989 میں اسکاٹش بینڈ ‘دی شیمن’ کے میوزک البم کا نام ہی ‘ان گورباچوف وی ٹرسٹ’ تھا۔ یہ گیت امریکی نوٹ پر لکھی عبارت ‘ان گوڈ وی ٹرسٹ’ سے اخذ کیا گیا تھا۔

اس گیت میں بینڈ ممبران نے سوویت یونین میں اختیار کی گئی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں گورباچوف پر بھروسہ ہے، جو انہیں آزادی دلائے گا۔

یاد رہے کہ اس گانےکے ریلیز ہونے کے دو سال کے عرصے میں سوویت یونین ختم ہو گیا تھا۔

گورباچوف کی کہانی

سن 1990 میں شائع ہونےوالی گیل شیہی کی کتاب ‘دی مین ہو چینجڈ دی ورلڈ: دی لائیوز آف میخائل ایس گورباچوف’ پہلی مرتبہ سوویت رہنما کی زندگی کے پوشیدہ گوشوں کو دنیا کو سامنے لے کر آئی۔

یہ کتاب اس لیے اہم ہے کیوں کہ یہ سوویت یونین کے ختم ہونے سے پہلے چھپنے والی آخری کتابوں میں سے ایک تھی۔ سوویت یونین ختم ہونے کے بعد گورباچوف پر لکھی جانے والی کتابوں میں بھی اسے سب سے جامع کتاب مانا گیا ہے۔

گورباچوف کی ڈائری اور ناول

ویسے تو میخائل گورباچوف پر کئی کتابیں لکھی گئیں، مگر کچھ کتابوں میں ان کا ذکر الگ انداز میں کیا گیا ہے۔ جیسے مسٹری ناول ‘دی سیکرٹ ڈائری آف میخائل گورباچیف’۔

فرائی گیلارڈ اور بلی او وائرمین کے اس ناول کی کہانی گورباچوف کی ڈائری کے گرد گھوتی ہے ۔ یہ ناول سوویت یونین کے ٹوٹنے سے قبل سن 1990 میں شائع ہوا تھا جس میں دو برس بعد پیش آنے والے کہانی بتائی جاتی ہے۔ بنیادی طور پر یہ فکشن کی کتاب ہے جس میں حقیقی واقعات کو سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس ناول کے مطابق گورباچوف مارکسزم ترک کرکے کرسچینٹی قبول کرنے کا سوچتے ہیں اور اپنی ایک ڈائری میں یہ تمام خیالات لکھ دیتے ہیں جسے کے جی بی چوری کرکے انہیں قتل کرنے کا ایک منصوبہ بناتی ہے۔

گوربا چوف صدر رونالڈ ریگن کے ساتھ۔
گوربا چوف صدر رونالڈ ریگن کے ساتھ۔

رونلڈ ریگن پر بننے والی فلم میں۔۔۔

سن 2023 میں ہالی وڈ اداکار ڈینس کوئیڈ سابق امریکی صدر رونلڈ ریگن کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔ اسی فلم میں پولش اداکار ایلکزینڈر کروپا میخائل گورباچوف کا کردار نبھائیں گے

دونوں صدور نے ایک ہی وقت میں اپنے اپنے ملک پر حکمرانی کی اور دونوں کی کوششوں سے سرد جنگ کی شدت میں کمی آئی، اس لیے اس فلم میں گورباچوف کے کردار کو دوسرے لیڈروں سے زیادہ اہمیت ملنے کا امکان ہے۔

Omair Alavi – BOL News

About the author

Omair Alavi

عمیر علوی ایک بہت معزز صحافی، تنقید کار اور تبصرہ نگار ہیں جو خبروں، کھیلوں، شوبز، فلم، بلاگ، مضامین، ڈرامہ، جائزوں اور پی ٹی وی ڈرامہ میں مہارت رکھتے ہیں۔ وسیع تجربے اور داستان سوزی کی خصوصیت کے ساتھ، وہ اپنے دلچسپ تجزیوں اور دلکش تقریروں کے ذریعے حاضرین کو مسحور کرتے ہیں۔ ان کی ماہری اور تعاون نے انہیں میڈیا اور تفریحی صنعت کا اہم شخصیت بنا دیا ہے۔